نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں کیمیکل پلانٹ سے گیس لیکج کے باعث 8 سالہ بچی سمیت 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ اس کے باعث 5 ہزار سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست آندرا پردیش کے شہر وشاکاپٹنم میں رات کے 3 بجے کیمیکل پلانٹ سے گیس لیکج ہوئی جسکے باعث مقامی لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا بعد ازاں دم گھٹنے کے باعث 10 افراد ہلاک ہوگئے۔

ہلاک ہونے والوں میں 2 بزرگ اور 8 سالہ بچی بھی شامل ہے، اس کے علاوہ کمپنی کے اطراف میں تقریباً 3 کلو میٹر کے دائرے میں 5 ہزار سے زائد لوگ اس گیس لیکج سے متاثر ہوئے ہیں اور انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت 800 سے زائد لوگوں کو شہر کے مختلف سرکاری اور پرائیوٹ ہسپتالوں میں پہنچایا۔
ڈاکٹرز کے مطابق زیادہ تر لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جنہیں فوری طور پر آگسیجن فراہم کی گئی اور سیکڑوں لوگ اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں اور دیگر کو طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ مزید ہلاکتوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔

پولیس کے مطابق کمپنی سے سٹائرین گیس لیک ہوئی جو انسانوں کے لیے انتہائی خطرناک ہوتی ہے اور ہمیں جیسے ہی گیس لیکج کی اطلاع ملی تو پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لوگوں کو وہاں سے نکالنا شروع کردیا ہے تاہم گیس کے اخراج کی وجہ اب تک سامنے نہیں آسکی ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست کے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا ہے کہ حکومت ہلاک ہونے والوں کے اہلخانہ کو ایک ایک کروڑ روپے دے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے