مقبوضہ کشمیر میں ایک حملے میں بھارتی فوج کا کرنل ، میجر سمیت 4 فوجی اور ایک پولیس افسر ہلاک

بھارتی فوجیوں نے ہندوارہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران دونوجوان شہید کر دیے

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور پولیس کی طرف سے ضلع کپوارہ میں ہندوارہ کے علاقے راجواڑ میں شروع کی گئی محاصرے اور تلاشی کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران بھارتی فوج کا ایک کرنل ، ایک میجر ، دو فوجی اور ایک پولیس افسر ہلاک ہوگئے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کرنل آشوتوش شرما ، میجر انوج ، ایک لانس نائک ، ایک رائفل مین اور پولیس سب انسپکٹر شکیل قاضی شامل ہیں۔بھارتی فوج کے عہدیداروں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 21 راشٹریہ رائفلز کا کمانڈنگ آفیسر چارفوجی اہلکاروں کے ہمراہ ایک مکان میں داخل ہوا جہاں ان پر فائرنگ کی گئی جس سے وہ ہلاک ہوگئے۔ ان کا کہنا ہے کہ مقتول اہلکاروں کی لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں۔اس سے قبل ہفتے کے روز ہندوارہ کے علاقے چھانجہ مولہ میں بھارتی فوجیوں نے محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے