سعودی عرب کی جانب سے امسال فریضہ حج کی ادائیگی کے بارے میں آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک کو باضابطہ طور پر آگاہ کئے جانے کا امکان ہے جبکہ وزارت مذہبی امور سعودی حکومت کی جانب سے حتمی فیصلے کے بعد انتظامات پر نظر ثانی کرے گی۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت نے گزشتہ ماہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان سمیت تمام ممالک کو حج معاہدے کرنے سے عارضی طور پر روک دیا تھا، ذرائع کے مطابق سعودی حکومت آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں حتمی فیصلہ کرے گی کہ موجودہ صورتحال میں حج کن انتظامات کے ساتھ ادا کیا جائے، اس ضمن میں مختلف تجاویز زیر غور ہیں جس کے تحت بیرون ممالک کے عازمین پر امسال پابندی عائد کی جاسکتی ہے اور صرف سعودی عرب کے مقامی شہری ہی حفاظتی تدابیر کی روشنی میں فریضہ حج ادا کریں جبکہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کے کوٹے کم کر کے محدود عازمین کو آنے کی بھی اجازت بھی دی جاسکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے تحت تیاری مکمل کر لی ہے، سعودی حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے پرسرکاری سکیم کے درخواست گزاروں کو مکمل پیسے واپس کر دیئے جائیں گے یا انھیں آئندہ سال بغیر قرعہ اندازی حج پر بھیجا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے