لاہور: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق ملک بھر میں کہیں بھی چاند دیکھنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، اس لیے پاکستان میں یکم رمضان المبارک کا آغاز 25 اپریل بروز ہفتہ سے ہوگا۔

سن 1441 ہجری کے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا جس کی صدارت مفتی منیب الرحمان نے کی، اس میں تمام مکاتب فکر کے علما بھی شریک ہوئے جبکہ پورے پاکستان میں زونل کمیٹیوں کے بھی اجلاس ہوئے۔

اجلاس میں وزارت سائنس وٹیکنالوجی، محکمہ موسمیات، وزارت مذہبی امور، سپارکو اور نیوی کے حکام بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملک بھر سے رمضان کے چاند کے حوالے سے شہادتیں اکٹھی کی گئیں۔

کراچی میں منعقد ہونے والے مرکزی رویت کمیٹی کے اجلاس میں چاروں صوبوں سے ماہ صیام کا چاند نظر نہ آنے کی شہادتیں اکھٹی کرنے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میں یکم رمضان المبارک 25 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند آج نظر آنے کا امکان نہیں، جس کے باعث پہلا روزہ 25 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگا۔

ذرائع محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے 80 فیصد علاقوں میں جمعرات کو مطلع صاف ہوگا۔ صرف شمالی علاقہ جات اور خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں میں بادل ہوں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے وقت چاند کی عمر کم ہوگی جبکہ انسانی آنکھ سے نظر آنے کیلئے چاند کی کم ازکم عمر ساڑھے 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔ بتایا گیا تھا کہ جمعرات کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے 15 منٹ تک ہوگی۔

ادھر وزارت سائنس وٹیکنالوجی نے ایسی تصاویر جاری کی ہیں جو جمعرات 23 اپریل کو پشاور شہر میں غروب آفتاب کے وقت مغربی افق پر چاند کے مقام کی نشاندہی کر رہی ہیں۔

ترجمان وزارت کا کہنا ہے کہ اس تصویر سے واضح ہے کہ 23 اپریل کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے سے بھی کم ہوگی۔ افق پر اس کی بلندی صرف 2 ڈگری ہوگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پورے صوبہ خیبرپختونخوا میں کسی بھی جگہ چاند نظر آنا دوربین سے بھی ناممکن ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے