اسلام آباد: حج ادائیگی سےمتعلق اہم بیان جاری کرتے ہوئے وزیرمذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ 15 رمضان المبارک تک حج سےمتعلق فیصلہ ہوجائےگا۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی وزارت حج سےمسلسل رابطےمیں ہیں، فی الحال سعودی وزارت حج نےمعاہدہ کرنےسےروک رکھاہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ سعودی حکومت کےپاس حج ادائیگی سےمتعلق مختلف آپشنززیرغورہیں، پاکستان سےمشاورت کےبعدہی سعودی حکومت حتمی فیصلہ کرےگی، حالات بہترہوں گےتوحج ہوگا۔

اس سے پہلے سعودی حکام کی جانب سے دنیا بھر میں مسلمانوں کو کہا جا چکا ہے کہ وہ حج کرنے کے پلان کو اس وقت تک روک دیں جب تک کے کورونا وائرس کی وبا سے متعلق صورتحال واضح نہیں ہو جاتی۔ سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ صالح بن طاہر بنتن نے سرکاری ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ: ’’ہم نے دنیا سے کہا ہے کہ حج کرنے کی تیاری میں جلد بازی نہ کرے۔   ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کے لیے حاجیوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور سعودی عوام کی صحت اولین ترجیحات ہیں۔

مسلمانوں کا سب سے بڑا سالانہ اجتماع اس سال جولائی کے آخر میں ہونا ہے۔ حج کا فریضہ ادا کرنے کے لیے ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان سعودی عرب کا رخ کرتے ہیں۔

سعودی عرب میں اب تک کورونا وائرس کے 4033 کیسز سامنے آ چکے ہیں اور 52 افراد اس وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 17 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اس مہلک وائرس کی وجہ سے ایک لاکھ سے زائد اموات واقع ہو چکی ہیں۔ اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انٹونیو گوٹیرش نے اس وبائی مرض کو دوسری عالمی جنگ کے بعد دنیا کا بدترین انسانی بحران قرار دیا ہے۔ اس وقت دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی سب سے زیادہ تعداد امریکا میں ہے جو کہ پانچ لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے