اسلام آباد: وزیراعظم کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں مساجد میں باجماعت نماز اور جمعہ محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تعلیمی ادارے31 مئی تک بند رہیں گے جبکہ ٹرانسپورٹ کے حوالے سے کل دوبارہ بیٹھک ہوگی۔

وزیراعظم کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد حکومتی نمائندوں کے ہمراہ پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ مسلم اُمہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر اقدامات اٹھائے۔ شیخ الازہر اور حرمین شریفین کی طرف سے بھی فتوٰی آیا ہے۔ ترکی، مصر اور مراکش سمیت بہت سارے ممالک نے مساجد کو بڑے اجتماعات کیلئے بند کر دیا ہے۔ تین دن سے مکہ مکرمہ اور مسجد اقصیٰ کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کربلا میں بھی مزار بند ہو چکے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے بتایا کہ آج علمائے کرام سے ساڑھے تین گھنٹے تک طویل نشست ہوئی۔ علمائے کرام نے اتفاق کیا ہے کہ حکومت جو بھی پالیسی بنائے گی، اس پر عمل کرینگے گی۔

پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مساجد کو بند نہیں ہونے دیں گے۔ مساجد سے اذان کی صدائیں آئیں گی تاہم مساجد میں پانچ وقت کی نماز اور جمعہ کی نماز کو محدود رکھا جائے گا۔ مسجد کا عملہ اور محدود تعداد میں تندرست لوگ نماز ادا کریں گے جبکہ باقی گھروں میں پڑھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے