خیبرپختونخوا  اورپنجاب  کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے سپیل نے تباہی مچا دی، چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، بارشوں کا سلسلہ مزید ایک روز جاری رہے گا۔

پنجاب میں کبیروالا، لودھراں، اوکاڑہ میں چھتیں زمین بوس ہوگئیں، ملبے تلے دب کر 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے، خیبرپختونخوا میں بھی بارشوں سے جانی نقصان ہوا، سوات، چارسدہ، مردان، میں چھتیں اور آسمانی بجلی گرنے سے 5 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

لیہ، سانگلہ، شورکوٹ، پیر محل، کا لاباغ میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوئی جس سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ بھکر، لیاقت پور، چونیاں، شور کوٹ میں کئی گھنٹے جاری رہنے والے بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

میرپور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ دیر، مالاکنڈ، سوات، پشاور، مردان، ہزارہ اور کشمیر کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، گلگت، مالا کنڈ، دیر اور ہزارہ کی پہاڑی شاہراؤں پر لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے