مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں کعبۃ اللہ کے ارد گرد کا حصہ (مطاف) جمعرات کی صبح صفائی اور حفاظتی تدابیر کی غرض سے مکمل طور پر خالی کرایا گیا ہے اور سعودی عرب کے محکمہ صحت کے عملہ نے مطاف کی کرونا وائرس سے درپیش خطرے کے پیش نظر مکمل صفائی کی ہے۔

مطاف کو مکمل خالی کرانے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہیں۔ مسجد الحرام کی صفائی پر مامورعملہ کے علاوہ محکہ صحت کے اہل کار بھی نظافت کے اس خصوصی عمل میں شریک تھے۔

واضح رہےکہ حج اور عمرہ کرنے والے تمام عازمین کعبۃ اللہ کے گرد سات چکر لگانے کے پابند ہیں۔ یہ عمل طواف کہلاتا ہے۔حج اور عمرے کے علاوہ بھی عبادت کی نیّت سے عام عبادت گزار کسی بھی وقت کعبۃ اللہ کا طواف کرسکتے ہیں۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ایک روز قبل ہی کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سعودی شہریوں اور مکینوں کے مکہ مکرمہ میں عمرے اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کے لیے داخلے پر عارضی طور پر پابندی عاید کردی ہے۔

سعودی وزارت داخلہ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ کرونا وائرس کی صورت حال پر نظر رکھنے والی اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں کے عمرے کو عارضی طور پر معطل کیا جارہا ہے اور جونہی صورت حال میں تبدیلی آتی ہے تو اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے گی۔

سعودی عرب نے گذشتہ جمعرات کو بیرون ملک سے عمرہ پرآنے والے زائرین کے مکہ مکرمہ میں داخلے پر عارضی پابندی عاید کردی تھی۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق غیرملکیوں کا عمرے کے ویزے پر مملکت میں داخلہ عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک کے شہریوں کے سیاحتی ویزے پر داخلے پر بھی پابندی عاید کی گئی ہے۔

سعودی عرب نے خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) سے تعلق رکھنے والے شہریوں اور مکینوں کا بھی مملکت میں داخلہ محدود کردیا ہے اور گذشتہ چودہ روز کے دوران میں کسی اور ملک میں جانے کی صورت میں انھیں مملکت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس کے علاوہ انھیں یہ بھی سرٹی فکیٹ فراہم کرنا ہوگا کہ وہ کرونا وائرس کا شکار نہیں ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے