برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے شمالی علاقے ریجنٹس پارک میں واقع مرکزی جامع مسجد میں جمعرات کے روز چاقوزنی کا واقعہ پیش آیا ہے اور ایک حملہ آور نے چاقو کے وار کرکے مؤذن کو زخمی کردیا ہے۔پولیس نے اس مشتبہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

لندن پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چاقو حملے میں زخمی ہونے والے شخص کو عملہ نے پہلے مسجد ہی میں طبی امداد دی تھی اور اس کے بعد اس کو اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔زخمی مؤذن کی عمر ستر سال کے لگ بھگ بتائی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ان کے زخم جان لیوا نہیں ہیں۔

پولیس نے چاقو حملہ کرنے والے ملزم کو قتل عمد کی کوشش کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے اور اس کو وسطی لندن کے پولیس اسٹیشن میں منتقل کردیا ہے۔اسکارڈ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ فی الوقت اس واقعہ کو دہشت گردی کے پہلو سے نہیں دیکھا جارہا ہے۔

پولیس کے مطابق اس انتیس سالہ مشتبہ شخص نے مسجد کے مؤذن کی گردن پر چاقو سے وار کیے تھے۔وہ خود بھی نماز ادا کرنے کے لیے مسجد میں آیا تھا مگر اس نے نماز کے دوران میں مؤذن پر حملہ کردیا۔اس کے بعد بعض نمازیوں نے اس کو قابو کر لیا اور فوراً پولیس کو اطلاع کردی۔

بعض نمازیوں نے بعد میں بتایا ہے کہ اس ملزم کو گذشتہ چند روز کے دوران میں مسجد آس پاس دیکھا گیا تھا لیکن یہ یہاں مستقل طور پرعبادت کے لیے نہیں آتا تھا۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے لندن کی مرکزی مسجد میں مؤذن پر چاقو حملے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔لندن کے میئر صادق خان نے بھی اس واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ شہر میں اس طرح کی تشدد کی کارروائیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے