اسلام آباد:  ترک صدر رجب طیب اردوان آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات بھی شیڈول ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے ترک صدر کے خطاب کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ مشترکہ اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ، گورنرز، آزاد کشمیر کے صدر، وزیراعظم اور سپیکر، غیر ملکی سفیروں، مسلح افواج کے سربراہان کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ترک صدر آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ کابینہ کے ارکان اور حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل ایک وفد کے علاوہ ترکی کی صف اول کی کارپوریشنوں کے سربراہ اور چیف ایگزیکٹو افسران بھی پاکستان آئے ہیں۔

ترک صدر کے دورہ کے دوران دفاع، ریلوے، اطلاعات، تجارت اور دہری شہریت کے حوالے سے متعدد معاہدے ہوں گے۔ پاکستان اور ترکی کے تجارت اور سرمایہ کاری کے جوائنٹ ورکنگ گروپ نے مفاہمت کی دو یادداشتوں کو حتمی شکل دیدی، دونوں ایم او یوز پر دستخط ابتدائی اجلاس میں ہوں گے، گزشتہ روز مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوا، وفود کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے متعدد مواقع تلاش کرنے پر غور کیا گیا اور تجارتی سہولت اور کسٹم تعاون کے معاملات کی مفاہمتی یادداشتوں کو حتمی شکل دی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے