ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول کے صبیحہ گوکچین ہوائی اڈے پر ایک مسافر طیارہ رن وے سے پھسل کر ایک سڑک پر الٹ گیا ہے اور پھر تین حصوں میں بٹ گیا ہے۔ترک حکام کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں ایک سو بیس مسافر زخمی ہوگئے ہیں۔

ٹیلی ویژن کی فوٹیج کے مطابق طیارے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔اس کا پہلا ،درمیانی اور آخری حصہ الگ الگ بٹا ہوا نظر آرہا ہے۔ مسافروں کو طیارے میں پڑنے والے شگاف سے نکالا جارہا تھا۔

این ٹی وی ٹیلی ویژن نے اطلاع دی ہے کہ طیارے کو رن وے پر پھسلنے کے بعد آگ لگ گئی تھی لیکن اس پر جلد قابو پا لیا گیا ہے۔

یہ طیارہ پیگاجس ائیرلائنز کا ملکیتی ہے اور یہ ازمیر شہر سے استنبول آیا تھا۔ترکی کی ٹرانسپورٹ کی وزارت نے کہا ہے کہ طیارے میں 177 مسافر سوار تھے اور ان سب کی جانیں محفوظ رہی ہیں۔

این ٹی وی ٹیلی ویژن نے ٹرانسپورٹ کے وزیر محمد جاہت طرحان کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ اس حادثے میں بعض مسافر زخمی ہوئے ہیں۔انھوں نے مزید بتایا ہے کہ ہنگامی خدمات کے عملہ نے بعض مسافروں کو طیارے کےٹوٹے ہوئے درمیانی حصے سے نکالا ہے لیکن زیادہ تر مسافر خود ہی اس ٹوٹے طیارے سے نکل آئے تھے۔

ترک وزیر کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد اس ہوائی اڈے کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے اور پروازوں کا رُخ استنبول کے مرکزی ہوائی اڈے کی جانب پھیرا جارہا ہے۔ان کی وزارت کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ طیارے کی غلط انداز میں لینڈنگ کی وجہ سے پیش آیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے