ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس میں زور دار دھماکا سنا گیا، دھماکا اتنا خوفناک تھا کہ شہری خوفزدہ ہو گئے۔ یہ دھماکا علی الصبح ہوا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی شہر ہیوسٹن میں زور دار دھماکا ہوا، دھماکے کی آواز سن کر شہری جاگ اٹھے، پولیس نے دھماکہ کی جگہ جانے والے راستے بند کر دیے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں دھماکے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی، عوام کو متعلقہ علاقے میں جانے سے روک دیا گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ پر فوراً آگ بھڑک اُٹھی اور فلک کو چھونے والے شعلے دور ہی سے دکھائی دے رہے تھے۔ ریسکیو ادارے اہلکاروں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو جائے حادثہ پر جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے جب کہ پولیس نے علاقے کا گھیراؤ کرلیا ہے۔
دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں ہو سکا ہے تاہم واسٹن گرینڈنگ اینڈ مینوفیکچرنگ کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر انکشاف کیا ہے کہ دھماکا ان کی فیکٹری میں ہوا ہے جہاں مشینوں کے پرزہ جات بنائے جاتے ہیں۔
غالب امکان ہے کہ دھماکا فیکٹری میں موجود کیمیکل پروپائلین کے ٹینک میں ہوا، یہ آتش گیر کیمیکل ہے جو فوراً آگ پکڑ لیتی ہے، یہی وجہ ہے کہ دھماکے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اُٹھی ہے۔ تاحال صرف ایک زخمی کو اسپتال لایا گیا ہے۔