عراق میں امریکا کے زیر قیادت افواج پر ایرانی میزائل حملوں کے بعد فرانس نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ عراق سے اپنے فوجیوں کے انخلا کا ارادہ نہیں رکھتا۔ دوسری جانب اسپین کا کہنا ہے کہ وہ عراق میں اپنے فوجیوں کا کچھ حصہ کویت منتقل کرے گا۔

اسپین کے نائب وزیراعظم نے تصدیق کی ہے کہ اُن کا ملک عراق میں موجود اپنی فورسز کے کچھ حصے کو کویت میں از سر نو تعینات کرے گا۔

ادھر فرانس کے ایک حکومتی ذریعے نے بدھ کے روز بتایا ہے کہ ان کا ملک عراق میں موجود اپنے 160 فوجیوں کو واپس بلانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔

اس سے قبل فرانس کے عسکری ترجمان نے بتایا تھا کہ عراق میں ایرانی میزائل حملے میں فرانس کا کوئی فوجی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

عراق میں ایران کا تازہ ترین میزائل حملہ بدھ کو علی الصبح کیا گیا۔ یہ کارروائی جمعے کے روز بغداد میں ایک امریکی ڈرون حملے میں ایران کے سینئر کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے جواب میں سامنے آئی ہے۔ سلیمانی کی موت سے مشرق وسطی میں ایک نئی جنگ چھڑنے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے