تہران: (ویب ڈیسک) حادثے کا شکار ہونے والے یوکرینی طیارے کا بلیک باکس دینے سے ایران نے انکار کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سربراہ سول ایوی ایشن ایران کا کہنا ہے کہ ابھی طے نہیں کیا کہ بلیک باکس کو ’ڈی کوڈ‘ کرنے کے لیے کس ملک کو دے گا۔

یوکرین کے وزیراعظم نے 9 جنوری سے ایران کے لیے پروازوں پر پابندی کا اعلان کردیا۔ تہران میں مسافر طیارے کی تباہی کے بعد یوکرین کے سفارتخانے نے نیا بیان جاری کردیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق یوکرینی سفارتخانے کے نئے بیان میں انجن میں خرابی کا جملہ ہٹا دیا گیا جبکہ یوکرین کے سفارتخانے نے واضح کیا ہے کہ حادثے کی وجوہات کے بارے میں ابتدائی بیان سرکاری نہیں تھا۔

یوکرین انٹرنیشنل ایئرلائن کا بوئنگ 737 طیارہ آج صبح تہران کے ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے بعد گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہوگئے۔ حادثے میں مرنے والوں میں 82 ایرانی اور 63 کینڈین شہری تھے۔

غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق یوکرین کے بوئنگ 737 میں 167 مسافر اور عملے کے 9 افراد سوار تھے۔ طیارہ تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے کچھ دیر بعد حادثے کا شکار ہوا۔ یوکرین کا مسافر طیارہ تہران سے یوکرین کے دارالحکومت کیف جارہا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے