پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مشرق وسطی کی صورتحال، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کے اثرات کے باعث تیزی کی طرف سے جانے والی حصص مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز مندی آ گئی۔ 100 انڈیکس میں 157.46 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی۔

تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز اور رواں سال کے تیسرے کاروباری روز کے دوران کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، پہلے ہی دو گھنٹوں کے دوران 100 انڈیکس 42689.78 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔ اسی کا تسلسل بھی چلتا رہا، ایک موقع پر انڈیکس 42835.08 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، 100 انڈیکس میں 1080 پوائنٹس بڑھ گئے تھے اور انڈیکس 42480.76 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔ تیزی کے باعث حصص کی مالیت 150 ارب روپے سے زائد بڑھ گئی تھی جبکہ انڈیکس 16 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

آج سٹاک مارکیٹ دوپہر تین بجے تک مارکیٹ میں تیزی چلتی رہی، تاہم اس دوران انڈیکس میں بڑی مندی دیکھنے میں آئی، 600 پوائنٹس کی گراوٹ کے باعث انڈیکس 42077 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

مارکیٹ میں چھائی غیر یقینی صورتحال کے باعث انویسٹرز نے سرمایہ کاری سے ہاتھ روک لیا، جس کی وجہ سے حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس 157.46 پوائنٹس کی مندی کے بعد 42323.30 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

آج پورے کاروباری روز کے دوران مندی کے باعث 42400 کی حد گری جبکہ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.37 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی، 22 کروڑ 79 لاکھ 12 ہزار 390 شیئرز کا کاروبار ہوا جس کی مالیت 12 ارب 83 کروڑ 48 لاکھ 22 ہزار 912 روپے بنتی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کے دوران مندی کی سب سے بڑی وجہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں یک دم بڑھنا، مشرق وسطی کی کشیدہ صورتحال کے باعث انویسٹرز نے شیئرز کی فروخت کو ترجیح دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے