اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل منظور کر لیا گیا۔ بل کا مسودہ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق تمام کابینہ اراکین کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تاہم کابینہ اراکین کو ہنگامی اجلاس کے ایجنڈے سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ اجلاس میں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق بل کا مسودہ پیش کیا گیا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قیمتوں میں کمی سے متعلق صوبائی حکومتوں کے اقدامات کا جائزہ اجلاس آج ہو گا، جس میں کے پی اور پنجاب کے وزراء اعلی شرکت کریں گے، صوبائی چیف سیکرٹریز صوبائی اقدامات پر بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم کی ہدایت پر انتظامی و دیگر اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ کے نظام میں پیش رفت پر بریفنگ ہوگی، اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد پر حکمت عملی کیلئے خصوصی سیل کے قیام سے متعلق آگاہ کیا جائیگا، سندھ حکام بھی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دیںگے۔