سعودی عرب میں حرمین ایکسپریس ٹرین پروجیکٹ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ بدھ کے روز سے ٹرین سروس پھر سے بحال ہو جائے گی۔ اس سے قبل جدہ کے نیو کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس ٹرین کا اسٹیشن تیار کرنے کا کام کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا۔

حرمین ایکسپریس کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اینڈ مینٹیننس ریان الحربی کے مطابق یہ ٹرین مدینہ منورہ اسٹیشن، رابغ میں کنگ عبداللہ اکنامک سٹی اور جدہ میں نیو کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسٹیشن کے درمیان مسافروں کو سروس کی فراہمی دوبارہ شروع کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں تجرباتی اسفار کے ذریعے محفوظ آپریشن کو یقینی بنانے کے تمام معیارات کا اطمینان کر لیا گیا ہے۔ الحربی کے مطابق مکہ مکرمہ کے لیے ٹرین سروس کا دوبارہ آغاز آئندہ ہفتے ہو گا۔

سعودی خبر رساں ادارے SPA نے الحربی کے حوالے سے بتایا ہے کہ "حالیہ عرصے میں نیو کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا اسٹیشن ہی جدہ ضلع کی آبادی کو خدمات فراہم کرے گا۔ جدہ کے السلیمانیہ اسٹیشن کا کام جاری ہے تا کہ اسے پھر سے خدمات کی فراہمی کے واسطے بحال کیا جا سکے۔ جدہ ایئرپورٹ کے ٹرین اسٹیشن پر سالانہ 2 کروڑ مسافروں کے سفر کی گنجائش ہے۔ مسافر حضرات ویب سائٹ اور موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے بھی اپنی ٹرین بکنگ کرا سکتے ہیں”۔

نیو کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ٹرین اسٹیشن کا رقبہ 12 ہزار مربع میٹر ہے۔ اس کے انتظامی امور کو چلانے کے لیے عالمی معیار کے مطابق جدید ترین تربیت کے حامل افراد کو مقرر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں جدہ کے علاقے السلیمانیہ میں حرمین ٹرین کے اسٹیشن کی چھت میں آگ لگ گئی تھی۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے