میامی:  امریکی ریاست فلوریڈا کے نیول بیس پر سعودی اہلکار کی فائرنگ سے 3 امریکی فوجی ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آور بھی مارا گیا۔

واقعے پر سعودی شاہ سلمان نے ٹیلی فون کر کے امریکی صدر ٹرمپ سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور کی سوچ سے سعودی عوام کی سوچ مطابقت نہیں رکھتی۔

مقامی میڈیا کے مطابق فلوریڈا نیول بیس پر گزشتہ روز صبح 7 بجے کے قریب زیر تربیت سعودی اہلکار نے فائرنگ کر دی جس سے 3 امریکی فوجی ہلاک اور 7 جوان زخمی ہو گئے جن مین سے ایک کی حالت نازک بیان کی جا رہی ہے۔

بعد ازاں حملہ آور بھی مارا گیا، یہ واضح نہیں کہ حملہ آور کو سکیورٹی اہلکاروں نے گولی کا نشانہ بنایا یا اس نے اپنی زندگی کا خود خاتمہ کیا۔ امریکی نیوی کے سرکاری ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے بعد نیول ایئرسٹیشن پنساکولا بند کر دیا گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری نے کہا کہ پنساکولا نیول ایئر سٹیشن کے واقعے کی صدر ٹرمپ کو بریفنگ دیدی گئی ہے۔ امریکی وزارت دفاع کی رپورٹ کے مطابق نیول بیس پر فائرنگ کرنیوالا مشتبہ حملہ آور زیر تربیت سعودی اہلکار تھا۔

یاد رہے ایک روز قبل ہونولولو کے بحری اڈے پر امریکی فوجی نے 2 ساتھیوں کو قتل کر کے خود کشی کرلی تھی۔ دریں اثنا امریکی ریاست منی سوٹا میں بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گرنے سے 3 فوجی اہلکارزندہ جل گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ٹیسٹ فلائٹ کے دوران ہیلی کاپٹر کا ایئر کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے