سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی سکیورٹی اہلکاروں نے مزید دو نوجوانوں کو شہید کر ڈالا جبکہ زندگی کو قید ہوئے 100 روز گزر گئے ہیں،تاحال انٹرنیٹ، لینڈ لائن،موبائل فون سمیت تمام سہولیات بند ہیں۔ سینئر بزرگ حریت رہنما سیّد علی گیلانی نے وزیراعظم عمران خان کو مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بلند کرنے پر تہنیتی خط لکھا ہے اور کاوشوں پر شکریہ ادا کیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی سکیورٹی اہلکاروں کی طرف سے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران ریاستی دہشت گردی کے بعد مزید دو نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ دونوں نوجوانوں کو گندر بل میں شہید کیا گیا۔

یاد رہے کہ 48 گھنٹوں کے دوران چار نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔ اس سے قبل دو نوجوانوں کو بانڈی پورہ میں شہید کیا گیا تھا

مقبوضہ کشمیر میں زندگی کو قید ہوئے 100 روز گزر گئے ہیں، مسلم اکثریت علاقے جموں او لداخ سمیت دیگر علاقوں میں ہر طرف ہو کا عالم ہے، پوری وادی میں بھارتی فوج نظر آ رہی ہے، دفعہ 144 کے باعث پر لوگوں کے پاس انٹرنیٹ، موبائل فون، لینڈ لائن سمیت دیگر سہولیات نہیں ہیں۔

بھارتی قابض سرکار کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ موبائل فون کی سہولیات بحال کر دی گئی ہیں تاہم ایک روز بعد ہی یہ سہولت واپس لے لی گئی تھی۔ 5 اگست سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد سے لیکر اب تک کاروبار بند ہیں، لوگوں گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

دفاتر اور تعلیمی ادارے بھی بند ہیں، والدین اپنے بچوں کو گھروں میں تعلیم دے رہے ہیں، زیادہ تر سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے، شہریوں کی طرف سے اشیاء خریدنے کے لیے دکانیں چند گھنٹوں کے لیے کھلتی ہیں تاہم وہاں پر بھی سٹاک ختم ہو گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے