اسلام آباد:  اسلام آباد میں دھرنا بھی جاری رہے گا، ملک بھر میں اہم شاہراہیں بند کرنے کی منصوبہ بندی مکمل، مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلے، جے یو آئی سربراہ کا کہنا ہے کہ ہمارے ہاتھ حکمرانوں کے گریبان سے دو چار انگلیاں ہی دور ہیں۔

دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ باہمی مشاورت کے ساتھ آگے بڑھنے کیلئے کچھ فیصلے کیے ہیں۔ اب ہم نے کامیابیوں اور مقاصد کو آگے بڑھانا ہے، اب تھوڑا فاصلہ رہ گیا ہے۔ یہاں کا اجتماع پلان اے ہے، جب پلان بی کا اعلان ہوگا تو پھر قافلے چل پڑیں گے۔ ہم نے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونا ہے۔ ہم نے گھروں میں نہیں جانا بلکہ میدان میں رہنا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بظاہر ہم پارلیمنٹ میں چھوٹی جماعت کہلاتے ہیں لیکن آپ کی اس تحریک نے بڑی جماعت بنا دیا ہے۔ آج کی ملکی سیاست اس تحریک کے گرد گھوم رہی ہے۔ ناجائزحکمران اور کارندوں کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے ہیں۔ وہ اس انتظار میں ہیں کہ ان کا گریبان پکڑ کر کب باہر نکالا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ سے بہت سے مقاصد حاصل کیے۔ پورے وثوق سے بتانا چاہتا ہوں کہ اپنے مقصد کے حصول کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ اب کوئی مائی کا لعل ان کو اس کرسی پر برقرار نہیں رکھ سکتا۔ آپ کی تحریک نے نااہل حکمرانوں کی رٹ ختم کر دی ہے۔ ہمارا بیانیہ غالب اور ان کا شکست کھا چکا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے