سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے جمعرات کے روز اپنی ٹویٹ میں اُن فنون کی تفصیلات پر روشنی ڈالی جو مملکت میں سرکاری تعلیمی نصاب میں شامل کیے جائیں گے۔

سعودی وزیر تعلیم کے ساتھ ملاقات کے بعد شہزادہ بدر نے انکشاف کیا کہ مملکت کے اسکولوں میں موسیقی، تھیٹر اور دیگر فنون متعارف کرائے جائیں گے۔

سعودی وزیر ثقافت نے ٹویٹر پر اسکول کے بچوں کے میوزیکل بینڈ کی ایک پرانی بلیک اینڈ وائٹ تصویر بھی پوسٹ کی اور اس کے ساتھ یہ عبارت تحریر کی "خوب صورت دن .. واپس آئیں گے”۔

ادھر سعودی عرب کے وزیر تعلیم حمد آل الشیخ کا کہنا ہے کہ وہ ابتدائی طور پر وزیر ثقافت کے ساتھ متفق ہو گئے ہیں جس کے تحت تعلیمی نصاب اور سرگرمیوں میں بعض فنون کو شامل کیا جائے گا … اور نئی ثقافتی اور فنی سرگرمیوں کے اجازت ناموں کے اجرا کا اختیار وزارت ثقافت کو منتقل کیا جائے گا۔

سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے جمعرات کے روز الدرعیہ میں اپنی وزارت کے دفتر میں مملکت کے وزیر تعلیم حمد بن محمد آل الشیخ سے ملاقات کی تھی۔

ملاقات میں وزارت ثقافت اور وزارت تعلیم کے درمیان تعاون کی صورتوں پر تبادلہ خیال ہوا تا کہ متعلقہ تزویراتی اہداف کو پورا کیا جا سکے۔ اسی طرح تعلیمی نصاب میں ثقافت اور فنون کو شامل کرنے کے حوالے سے دونوں وزارتوں کے بیچ تعاون پر بھی ابتدائی طور پر اتفاق رائے سامنے آیا۔ مزید برآں یہ کہ وزارت ثقافت کو مملکت میں تعلیمی اداروں، جامعات، کالجوں اور اسکولوں کو اجازت نامے جاری کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔ ان کے تحت یہ ادارے ثقافت اور فنون سے متعلق نئی متعارف کردہ تعلیمی سرگرمیاں انجام دے سکیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے