جرمنی کے ایک مشرقی صوبے کی ايک کان ميں نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہونے والے دھماکے کے بعد 35 کان کن زیر زمين 700 ميٹر کی گہرائی ميں پھنس گئے تاہم انہيں چند گھنٹوں کے اندر اندر ہی بچا ليا گيا۔
پوليس نے بتايا کہ زیادہ تر کان کن صحیح سلامت اور اچھی حالت میں ہیں۔
اس حادثے اور جائے وقوعہ پر امدادی سرگرميوں کی تصديق رياستی حکام نے بھی کر دی ہے۔
یہ حادثہ دارالحکومت برلن سے 150 کلوميٹر جنوب مغرب کی طرف واقع علاقے ٹوئچن ٹال ميں آج پيش آيا۔
اس دھماکے کے نتیجے میں صرف دو کان کن زخمی ہوئے جن ميں سے ايک کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
یہ کان اس وقت فعال نہيں ہے مگر اسے ديگر کانوں میں کان کنی کے باعث بننے والے کچرے کو وہاں دبا دینے کے لیے استعمال کيا جاتا ہے۔