ترکی نے سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے مقتول خلیفہ ابوبکر البغدادی کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے بدھ کو خود اس گرفتاری کی اطلاع دی ہے۔

انھوں نے انقرہ یونیورسٹی میں تقریر کرتے ہوئے کہا:’’ امریکا کہتا ہے کہ البغدادی نے سرنگ میں خود کو ہلاک کیا ہے۔ انھوں نے اس حوالے سے ایک ابلاغی مہم شروع کی ہے لیکن میں یہاں پہلی مرتبہ یہ اعلان کررہا ہوں کہ ہم نے البغدادی کی بیوی کو گرفتار کر لیا ہے لیکن ان کی طرح کی غوغا آرائی نہیں کی ہے۔‘‘

انھوں نے مزید بتایا کہ ’’ہم نے شام میں البغدادی کی بہن اور ان کے بہنوئی کو بھی گرفتار کیا ہے۔‘‘

قبل ازیں ترکی کے ایک اعلیٰ عہدہ دار نے اسی ہفتے یہ اطلاع دی تھی کہ ترکی نے بغدادی کی بہن ، ان کے خاوند اور بیٹی کو شام میں گرفتار کر لیا ہے۔

دریں اثناء ابوظبی سے شائع ہونے والے اخبار دا نیشنل نے اپنی ایک خصوصی رپورٹ میں عراق کے انٹیلی جنس حکام کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ داعش کے مقتول سربراہ ابوبکر البغدادی کے ایک بھائی جمعہ ان کے معتبر اور قابل اعتماد پیغام رساں کی حیثیت سے شام کے شمالی علاقے ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول کے درمیان کئی ماہ تک آزادانہ چکر لگاتے رہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق جمعہ اپنے بھائی کے سب سے بااعتماد پیغام رساں رہے تھے اورالبغدادی اپنی موت سے قبل ان ہی پر بھروسا کرتے ہوئے ان کے ہاتھ استنبول میں اپنے پیغامات اور مواد بھیجتے رہےتھے۔جمعہ اپنے بھائی کے یہ پیغامات یورپ کے سب سے بڑے شہرمیں مقیم داعش کے ارکان یا کمانڈروں کوپہنچاتے تھے۔ یہ پیغامات گروپ کی شام ، ترکی اور عراق میں کارروائیوں سے متعلق ہوتے تھے۔

داعش کے خلیفہ کے بھائی کے شمالی شام سے استنبول کے سفروں کا عراقی انٹیلی جنس نے امریکی انٹیلی جنس کے تعاون سے پتاچلایا تھا۔عراقی انٹیلی جنس کے ایک سینیر افسر نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ ’’ہم البغدادی کے ڈاکیے کا کردار ادا کرنے والے ایک شخص کی مسلسل نگرانی کرتے رہے تھے۔وہ اکثر ترکی جاتا اور وہاں سے شام کے شمالی علاقے میں واپس آتا رہتا تھا۔یہ کوئی اور نہیں ابوبکر البغدادی کا سگا بھائی جمعہ تھا۔‘‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے