اکوڑہ خٹک :شہید ناموس رسالت مولانا سمیع الحق شہید کے مشن کو پورا کرکے دم لیں گے، مولانا سمیع الحق کا نظریہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور اسلامی ممالک کو بیرونی قوتوں کے تسلط سے آزاد کرانا ہے، ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام اوردفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا حامد الحق حقانی نے شہید اسلام وپاکستان شیخ الحدیث حضرت مولانا سمیع الحق شہید رحمہ اللہ کی یوم شہادت کی مناسبت سے انکی خدمات کو خراج تحسین اورخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی زیر تعمیر جامع مسجد شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق رحمہ اللہ میں آج بروز ہفتہ٢نومبر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں ملک کے جید علما کرام ،قرا ، حفاظ، نعت خواں، حضرات ،محفل حسن قرات وحمد نعت کا اہتمام کیاگیا ، مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ مولاناسمیع الحق صاحب کی شہادت امت مسلمہ کے لئے عظیم سانحہ ہے ،ناموس رسالت کے تحفظ کے سلسلہ میں مولاناسمیع الحق کاقائدانہ کردار ۔ امت کی ترجمانی تھا، اوراس پر انہیں شہید کیا گیا۔ انہیں شہید ناموس رسالت کا لقب دیا جاتا ہے اور عہد کیا جاتا ہے کہ ان کا مشن جاری رہے گا،جمعیت علماء اسلام ناموس رسالت کی حفاظت کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی،حکومت اورا سکے مقتدر اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مولاناسمیع الحق شہید کے قتل کی سازش کو بے نقاب کریں اور قاتلوں کو تلاش کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں، مولانا حقانی نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود ابھی تک مولانا کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا ،حکومت مولانا شہید کے قاتلوں کو جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔ ملک بھر میں مولانا کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لئے سیمنار تقریبات اور اجتماعات منعقد کئے جائیں گے ،مولانا حامد الحق حقانی نے پورے ملک کے جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کو ہدایت جاری کی کہ وہ تمام اضلاع میں خدمات مولانا سمیع الحق شہید کے سیمنار منعقدکریں اوران کی دینی ملی قومی اور جہادی خدمات کو اجاگر کریں ، اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ مولانا سمیع الحق شہید اوران کے نظریہ نے دو سپر پاور طاقتوں کو شکست دے کر دنیا میں ایک تاریخ رقم کی ،علماء طلبا اور جمعیت کے کارکنوں کوان کے مشن پر چل کر طاغوتی اور استحصالی قوتوں کے مقابلہ کے لئے سیہ پلائی ہوئی دیوار بن کر مقابلہ کریں، انہوں نے کشمیری مسلمانوں پر بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی ،مولانا حقانی نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کو مضبوط اور مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں ،تقریب میں مفتی غلام الرحمن، مولانا سید یوسف شاہ، مولانا عبدالقیوم حقانی،مولانا مغفور اللہ دیربابا جی،مولانا راشد الحق،مولانا عرفان الحق،مولانا سلمان الحق،مولانا لقمان الحق اوردیگر اساتذہ جامعہ حقانیہ نے شرکت کی۔ تقریب میں مہتمم جامعہ دارالعلوم حقانیہ حضرت مولانا انوار الحق نے جامع مسجد مولانا عبدالحق کی دوسری منزل کا افتتاح نماز عصر پڑھا کر کیا اور تفصیلی اختتامی دعا فرمائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے