ٹرک میں چھپ کرغیرقانونی طورپرفرانس میں داخل ہونے والے 31 پاکستانیوں کو  میری ٹائم سیکیورٹی فورس نے گرفتار کرلیا۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق فرانس کے جنوب مشرقی علاقے ایلپیس میں میری ٹائم سیکیورٹی فورس نے تلاشی کے دوران ٹرک کے کنٹینر میں چھپے 31 افراد کو گرفتار کرلیا۔

 میری ٹائم حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے تمام افراد پاکستانی ہیں جب کہ ٹرک کے پاکستانی ڈرائیور کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئےا فراد اٹلی کے راستے فرانس میں داخل ہوئے تھے جن میں 15 سال تک کے 3 نوجوان لڑکے بھی شامل ہیں۔

فرانسیسی حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے تمام افراد کو 2015 میں ہونے والے ایک بارڈر کنٹرول معاہدے کے تحت واپس اٹلی کے حوالے کردیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تحقیقات کی جاری ہیں تاکہ غیرملکی  تارکین وطن کو غیر قانونی طور پر فرانس میں داخل کرنے والے گروہ کو پکڑا جاسکے جب کہ ٹرک ڈرائیور کو بارڈ پولیس کے حوالے کیاگیا ہے جس پر قانون کے مطابق مقدمہ چلایا جائے گا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز برطانیہ کی کاؤنٹی اسیکس میں کنٹینر سے 39 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، برطانوی حکام کے مطابق ٹرک پر موجود کنٹینر بیلجیئم سے برطانیہ لایا گیا تھا۔پولیس نے شمالی آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ ٹرک ڈرائیور کو گرفتار بھی کر لیا تھا۔

 ٹرک کنٹینر سے ملنے والی لاشیں ابتداء میں چین کے باشندوں کی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا لیکن اب برطانوی پولیس کی تازہ  تحقیقات کے مطابق کہ یہ لاشیں ویت نام کے شہریوں کی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے