اسرائیلی فوج کے ہفتے کے روز غزہ پر فضائی حملے میں ایک فلسطینی شہید ہوگیا ہے۔

فلسطینی سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ محصور علاقے میں اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے ہفتے کو علی الصباح دسیوں مقامات پر بمباری کی ہے اور غزہ پٹی کی حکمراں حماس اور اس کی اتحادی مزاحمتی تنظیموں کے ٹھکانوں کو اس میں نشانہ بنایا ہے۔

حماس کے تحت وزارت صحت نے فضائی حملے میں ایک فلسطینی کی شہادت کی تصدیق کی ہے اور اس کانام احمد الشہری بتایا ہے،اس کی عمر ستائیس سال تھی۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے نمایندے نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے بعد غزہ پٹی کے مختلف علاقوں سے دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہی ہیں۔

حماس کے ایک ذریعے نے کہا ہے کہ ان کے مزاحمت کاروں نے بمباری کرنے والے اسرائیلی طیارے کی جانب فائر کیا ہے۔اسرائیلی فوج نے بھی غزہ سے اس تازہ فائرنگ کی تصدیق کی ہے۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ سے جمعہ کی شب جنوبی اسرائیل کی جانب کم سے کم دس راکٹ فائر کیے گئے تھے۔اس نے ان راکٹوں کے ردعمل میں یہ فضائی حملے کیے ہیں۔

اسرائیل کے میزائل دفاعی نظام آئرن ڈوم نے ان میں سے آٹھ راکٹوں کو ناکارہ بنا دیا تھا۔ان کا پتا چلنے پر اسرائیل کے جنوبی علاقے میں انتباہی سائرن بجائے گئے تھے۔ایک راکٹ ایک مکان پر گرا ہے جس سے اس کو نقصان پہنچا ہے۔تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہواہے۔ اسرائیلی فوج نے اس کی تصویر ٹویٹر پر پوسٹ کی ہے۔

اسرائیلی فوج نے جمعرات کو بھی غزہ سے جنوبی اسرائیل کی جانب راکٹ باری کی اطلاع دی تھی اور یہ پہلا موقع تھا کہ 12 ستمبر کے بعد غزہ سے جنوبی اسرائیل کی جانب راکٹ برسائے گئے تھے۔اس سے پہلے اگست میں اسرائیل کی جانب پے درپے راکٹ برسائے گئے تھے اور اس کے جواب میں اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس اور اس کی اتحادی تنظیموں کے ٹھکانوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے