٢ نومبر مولانا سمیع الحق شہید کی شہادت کو ایک سال پورا ہوگیا

یوم شہادت کی مناسبت سے تقریب دارالعلوم حقانیہ میں منعقدکی جارہی ہے

شہید کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے حسن قرأت کی محفل نئی جامع مسجد میں دوبجے دوپہر شروع ہوگی، ہزاروں افراد شریک ہونگے۔(مولانا حامد الحق حقانی) یکم نومبر جمعة المبارک (اکوڑہ خٹک) عالم ِ اسلام اورپاکستان کے عظیم جرأت مند ، بہادر ، نابغہ روزگار ہستی شہید اسلام وپاکستان شیخ الحدیث حضرت مولانا سمیع الحق شہید رحمہ اللہ کی یوم شہادت کی مناسبت سے انکی خدمات کو خراج تحسین اورخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی زیر تعمیر جامع مسجد شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق رحمہ اللہ میں آج بروز ہفتہ٢نومبر٢٠١٩ء کو دوپہر ٢ بجے تاشام پانچ بجے تقریب منعقد ہوگی، تقریب میں ملک کے جید علماء کرام ،قراء ، حفاظ، نعت خواں، حضرات ،محفل حسن قرأت وحمد نعت کا اہتمام کریںگے ،تقریب میں جامعہ کے مشائخ کے علاوہ ممتاز علماء کرام ، جمعیت علماء اسلام پاکستان کے کارکنان اورعامة المسلمین کی بڑی تعداد شریک ہوگی،جمعیت علماء اسلام کے سربراہ، دفاع پاکستان کونسل کے چیئر مین اورجامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے جامعہ دارالعلوم حقانیہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سمیع الحق شہید رحمہ اللہ کا مشن ہر پاکستانی کو قلم کتاب ہاتھ میں پکڑوانا اورانہیں جہالت کے اندھیروں سے نکالنا تھا، انکی زندگی بھر کی جدوجہد پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت بنانا اورکلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں اسلامی شرعی نظام کا نفاذ تھا، مولانا سمیع الحق شہید رحمہ اللہ نے ساری زندگی عالم اسلام کی یکجہتی ، اتحاد واتفاق کیلئے کوششیں کی، وہ دنیا بھر میں پسنے والی مظلوم اقوام کی ایک توانا آواز تھے ، انکی ہمت جہت شخصیت ہی کی بدولت وہ پاکستان کی تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں ، تمام مسالک کے علماء کرام صحافی ووکلاء حضرات ، بیروکریٹیس سمیت ملک بھر کی ، عوام کے دلوں میں بستے تھے ، انہوںنے ہمیشہ جوڑ کی سیاست کی نہ کہ توڑ کی، ملک بھر کے تمام مسالک شیعہ ، سنی ، بریلوی،دیوبندی،اہلحدیث کواکھٹا کرکے متحدہ شریعت محاذ ، متحدہ دینی محاذ ، ملی یکجہتی کونسل، دفاع پاکستان افغانستان کونسل ، دفاع پاکستان کونسل کے ذریعے نفرتوں اورعدم برداشت کی فضاء کے آگے بندباندھ کر قتل وقتال اوردہشت گردی کا راستہ ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بند کردیاتھا۔مولانا حامد الحق حقانی نے ملک بھر کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بالخصوص علماء کرام،مدارس کے مہتممین ،یونیورسٹیوں اورکالجوں کے پروفیسر حضرات، صحافی اور دانشوروں سے اپیل کی کہ وہ مولانا سمیع الحق شہید رحمہ اللہ کی ماہِ شہادت کی مناسبت سے اپنے اپنے اداروں میں مولانا سمیع الحق کی خدمات پرروشنی ڈال کر ان کی خدمات کو اجاگر فرمائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے