راولپنڈی: (البلال نیوز) بھارت کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں‌ ایک پاکستانی فوجی اور 5 شہری شہید ہو گئے، جوابی کارروائی میں 9 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوئے، پاک فوج نے بھارت کے 2 بنکرز بھی تباہ کر دیئے۔ دشمن کو اپنے فوجیوں کی لاشیں اٹھانے میں خوف کا سامنا، سیفد جھنڈا لہرانے لگے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے کنٹرول لائن کے مختلف علاقوں میں سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شاہ کوٹ، نوسیری اور جوڑا سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فائرنگ اور گولہ باری کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دشمن کے مورچوں کو مؤثرانداز میں نشانہ بنایا گیا جس سے بھارتی فوج کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ پاک فوج کی کارروائی میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ 2 بھارتی بنکرز بھی تباہ  کر دیئے گئے۔

فائرنگ تبادلے میں ایک پاکستانی فوجی اور 3 شہری بھی شہید ہوئے جبکہ 2 فوجی اور 5 شہری زخمی ہیں جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، بعدازاں زخمی ہونے والے مزید 2 پاکستانی شہری شہید ہو گئے اس طرح شہید ہونے والے شہریوں کی مجموعی تعداد 5 ہو گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا سوشل میڈیا پیغام میں مزید کہنا تھا کہ بھارت مبینہ کیمپوں کی آڑ میں شہری آبادی کو نشانہ بناتا ہے، دشمن کو سیز فائر خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب ملتا رہے گا، پاک فوج کنٹرول لائن پر شہریوں کی حفاظت جاری رکھے گی۔ انہوں نے بھارت کو وارننگ دی کہ کنٹرول لائن کی خلاف ورزی پر دشمن کو ناقابل برداشت نقصان پہنچائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے شہریوں اور پاک فوج کے جوان کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کی ہے۔ وزیراعظم نے پاک فوج کو بھارتی سیکیورٹی فورسز کو منہ توڑ جواب دینے، جرات اور بہادری پر سلام پیش کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے