نئی دہلی:  بنگلہ دیشی بارڈر گارڈز کی فائرنگ سے بھارتی فوج کا ایک جوان ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع مرشد آباد کی سرحد کے قریب 3 بھارتی مچھیروں کو بنگالی فورسز کے اہلکار وں نے گزشتہ صبح دریائے پدما میں مچھلیاں پکڑ تے ہوئے گرفتار کر لیا جن کی رہائی کیلئے بنگلہ دیشی گارڈز سے رابطہ کیا گیا تو 2 مچھیروں کو رہائی مل گئی جبکہ ایک بھارتی مچھیرے کو بنگلہ دیشی فورسز نے حراست میں ہی رکھا۔

اسی مسئلے پر بنگلہ دیشی گارڈز نے فلیگ میٹنگ بلائی۔ ساڑھے دس بجے بھارتی چوکی کے کمانڈر اور پانچ اہلکار اپنی کشتی پر بنگلہ دیشی بارڈر گارڈز سے ملے، فلیگ میٹنگ کے دوران بنگلہ دیشی گارڈز نے نہ صرف بھارتی مچھیرے کو رہا کرنے سے انکار کر دیا بلکہ بھارتی گارڈز کے گھیراؤ کی بھی کوشش کی۔ نازک صورتحال پر بی ایس ایف کے اہلکاروں نے واپسی کی کوشش کی مگر بنگلہ دیشی گارڈز نے فائرنگ کر دی جس سے 2 بھارتی اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے شدید زخمی ہیڈ کانسٹیبل وجے بھان سنگھ کو مردہ قرار دیدیا جبکہ دوسرا فوجی زیر علاج ہے ، تاہم اس کی حالت نازک بیان کی گئی۔

واقعہ کے بعد بی ایس ایف کے چیف وی کے جوہری نے بنگلہ دیشی ہم منصب میجر جنرل شفین الاسلام سے ہاٹ لائن پر رابطہ کر کے صورتحال سے آگاہ کیا، میجر جنرل شفین الاسلام نے تحقیقات کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ترجمان بنگلہ دیشی بارڈر گارڈز نے کہا کہ ان کے گارڈز نے اپنے دفاع میں بھارتی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ ترجمان نے کہا کہ سپیڈ بوٹ پر سوار بھارتی بارڈر فورس کے چار ارکان 650 میٹر بنگلہ دیشی علاقے میں گھس آئے اور انہوں نے بزور طاقت مچھیرے کو چھڑانے کیلئے فائرنگ کی، جس کے جواب میں بنگلہ دیشی گارڈز کو فائرنگ کرنا پڑی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے