مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے 5 اگست کو لگائے گئے کرفیو اور لاک ڈاؤن کو 70 روز ہو گئے۔ 

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے اور وادی میں مودی سرکار کی جانب سے لگائے گئے کرفیو کو 70 روز ہوچکے ہیں۔

وادی میں مسلسل 70 ویں روز بھی انٹرنیٹ سمیت مواصلاتی رابطے منقطع ہیں، جب کہ حریت قیادت اور سیاسی رہنما بدستور گھروں اور جیلوں میں بند ہیں اور کشمیری بنیادی ضروریات سے محروم ہو کر رہ گئے ہیں۔

کرفیوکے باوجود سری نگر سمیت بڈگام، پلواما، گاندربل، شوپیاں، بانڈی پورہ اور بارہ مولا سمیت کئی علاقوں میں بھارت مخالف احتجاج جاری ہے، قابض بھارتی فوج نے مظاہرین پر پیلٹ گن کا استعمال کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب بھارت نے شدید عالمی دباؤ کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کل سے موبائل فون سروس کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی حکومت کے ترجمان روہت کنسال کے مطابق جموں و کشمیر کے حالات و واقعات کا جائزہ لینے کے بعد موبائل فون سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مختلف ٹیلیکوم کمپنیوں کے صارفین میں کوئی تفریق کیے بغیر تمام ʼپوسٹ پیڈ‘ موبائل فون سروسز آئندہ پیر سے مقامی وقت کے مطابق دوپہر سے بحال کر دی جائیں گی۔

ادھر مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر کی سڑکوں پر کشمیری نوجوانوں نے سبز ہلالی پرچم لہرا کر  پاکستان کے حق میں نعرے لگا کر جوش اور ولولے سے قومی ترانہ پڑھا اور پاکستان سے محبت کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے