پشاور: (البلال نیوز) پشاور کی مارکیٹ کے حوالے سے افغان وزارت خارجہ کے بیان پر پاکستان نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پشاورمیں افغان قونصلیٹ کو بند کرنا قابل افسوس عمل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ پشاور کی ایک مارکیٹ کے مسئلے کے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا افسوسناک ہے، مارکیٹ کا تنازعہ عام شہری اور افغانستان کے بینک کے درمیان تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ عدالت نے 1998 میں عام شہری کے حق میں فیصلہ دیا، ہمسایہ ملک کی طرف سے عدالتی احکام نہ ماننے کے بعد مقامی انتظامیہ نے ایکشن لیا، پاکستان کے عدالتی نظام پرافغانستان کے بیان کو مسترد کرتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق پشاورمیں افغان قونصلیٹ کا بند کرنا قابل افسوس عمل ہے، امید ہے افغانستان قونصلیٹ کی بندش کے فیصلے پر فوری نظرثانی کرے گا، ایک نجی کیس کو دو برادر ملکوں کے تعلقات پر اثر انداز نہیں ہونے دینا چاہیے۔

یاد رہے کہ پشاور میں افغان مارکیٹ کا تنازع سفارتی تنازع کا رخ اختیار کر جانے کے بعد افغانستان نے پشاور میں اپنا قونصل خانہ بند کر دیا تھا، اس بندش کی اطلاع افغانستان کے سفیر شکر اللہ عاطف مشعال نے اپنے ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں دی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے