مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ہنگامی خط ارسال کیا جس میں انہوں نے کشمیر میں معصوم جانوں کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی اپیل کی۔

تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ہنگامی خط ارسال کیا ہے۔ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر نے خط اقوام متحدہ کے نمائندے اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے 5 مستقل ارکان کو بھی بھجوایا ارسال کیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر سے لائن آف کنٹرول پار کرنے کے لیے لانگ مارچ کا معاملہ تشویشناک ہوگیا۔ زاروں کشمیری ایل او سی پار کرنا چاہتے ہیں۔ آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے محصور بھائی بہنوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر کی جانب سے بھجوائے گئے خط میں کہا گیا کہ کشمیر میں کرفیو اور تالہ بندی ہے، مواصلاتی نظام بند ہے اور 13 ہزار نوجوان پابند سلاسل ہیں، آزاد کشمیر حکومت ایل او سی پار کرنے کی خواہشمند عوام کے شدید دباؤ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کو ایل او سی سے 6 کلو میٹر کے فاصلے پر روکا گیا، لانگ مارچ ختم کرنے کے لیے مسلسل درخواستیں کی گئیں۔ لانگ مارچ کے شرکا جان کی پرواہ کیے بغیر ایل او سی پار کرنا چاہتے ہیں۔ شرکا سرینگر شاہراہ چکوٹھی پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ منتظمین سلامتی کونسل رکن ممالک کے سفرا اور اقوام متحدہ نمائندوں سے ملنا چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے خط میں اپیل کی کہ کشمیر میں معصوم جانوں کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائیں۔ اقوام متحدہ نمائندوں، چین، امریکا، روس و دیگر سفرا کو چکوٹھی کا دورہ کروایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے