اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انگریزوں نے بہت سوچ سمجھ کر مسلمانوں کا تعلیمی نظام تباہ کیا اور جب تعلیم ختم ہوئی تو مسلمان بھی پستی کا شکار ہو گئے، ہماری کوشش یہ ہے کہ جس تعلیمی نظام کو بڑی محنت سے تباہ کیا گیا، اسے دوبارہ کھڑا کریں تاکہ غریب کا بچہ بھی ترقی کر سکے اور اوپر آ سکے۔آج دنیا میں مسلمان پس رہا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم لوگ تعلیم میں پیچھے رہ گئے ہیں

دینی مدارس میں تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ترکی اور ملائیشیا کے ساتھ مل کر ٹی وی چینل لانا چاہتے ہیں اور ان کے ساتھ مل کر فلمیں بھی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو اسلام کی تاریخ کا پتہ چلے جس کے لئے ترکی کے ساتھ مل کر خالد بن ولید ؓجیسے ہیروز پر فلمیں بنائیں گے۔عمران خان نے وزیرتعلیم شفقت محمود کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایسا تعلیمی نظام لایا جائے جس میں اقبالیات بھی پڑھائی جائے، کیونکہ ہمارے نظریاتی لیڈر علامہ اقبال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی کریم ﷺ نے ہمیشہ تعلیم پر بہت زور دیا اور انہوں نے ایک غزوہ کے بعد صرف تعلیم دینے کی بنیاد پر قیدیوں کو رہا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ تاریخ پڑھ کر دیکھ لیں جب مسلمانوں نے تعلیم کو اہمیت دی تو دنیا پر راج کیا اورسات سو سال تک دنیا کے تمام بڑے سائنسدان مسلمان تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انگریز کا بنایا گیا طبقاتی تعلیمی نظام ختم کرنے کی ضرورت ہے اور جب ہماری حکومت آئی تو ہم نے فیصلہ کیا کہ اس فرق کو مٹانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کا مقصد پیسہ بنانا نہیں ہونا چاہئے، جب تعلیم اور اسلام ساتھ لے کر چلیں گے تو کامیابی ملے گی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے