استنبول: (ویب ڈیسک) پاکستان کے بعد ترکی اور انڈونیشیا زلزلوں سے لرز اُٹھے، ترکی میں ایمرجنسی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے بڑوں شہروں میں سے ایک استنبول میں زلزلہ آیا ہے، ریکٹر سکیل پر زلزلہ کی شدت 5.8 تھی۔ جبکہ انڈونیشیا میں شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی میں حکام کا کہنا ہے کہ استنبول میں زلزلہ آیا ہے، یہ زلزلہ مرمارا سمندر کے قریب آیا، جو 6.9 کلو میٹر زیر زمین ہے۔

ایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ زلزلہ آنے کے دوران بلڈنگ کافی دیر تک ہلتی رہیں، اس دوران سکولوں اور سرکاری دفاتر کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا۔

استنبول کے میئر کا سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہنا تھا کہ ابھی تک زلزلے سے نقصانات کی کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں زلزلوں کا مرکز ہے اور ترکی فالٹ پر موجود ہے۔

یاد رہے کہ ترکی میں 23 اکتوبر 2011ء کو ایک زلزلہ آیا تھا، اس زلزلے میں 200 کے قریب افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 1 ہزار کے قریب لوگ زخمی ہوئے تھے۔ اس زلزلہ کی شدت 7.2 تھی۔ اس دوران سینکڑوں کی تعداد میں بلڈنگز کو نقصان پہنچا تھا اور منہدم ہو گئی تھیں۔

سن1999ء میں بھی زلزلہ آیا تھا جس کی شدت 7.6 تھی، یہ زلزلہ ازمت میں آیا تھا، استنبول سے 90 کلو میٹر کے فاصلے پر موجودخوبصورت شہر ہے، اس زلزلے میں تقریباً 17000 ہزار لوگ زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

اس سے قبل انڈونیشیا میں ایک اور زلزلے سے زمین لرز اٹھی، 6.5 شدت کا زلزلہ جزیرے مالوکو میں آج صبح آیا، جس کی شدت سے سڑکیں اور عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی ۔

خبر رساں ادارے کے مطابق زلزلے کی شدت محسوس کرتے ہی لوگ خوفزدہ ہوکر سڑکوں پر نکل آئے۔ زلزلے کی وجہ سے ایک شخص ہلاک اور ایک شخص زخمی ہو گیا،جبکہ اس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ امبن شہر سے 37 کلومیٹر دور 29 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا،جس کی شدت امبن شہر اور اس کے اردگرد کے علاقوں میں محسوس کی گئی۔ زلزلے کے بعد علاقے میں آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے