آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، کشمیریوں پر ظلم ہمارے صبر کا امتحان ہے، آخری سانس، آخری فوجی اور آخری گولی تک لڑیں گے۔

جی ایچ کیو میں یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا شہداء کے ورثا سے بات چیت باعث فخر ہے، قیام پاکستان میں شہدا کا لہو شامل ہے، شہدائے پاکستان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتا ہوں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، جب بھی ضرورت پڑی بیٹوں نے لبیک کہا، شہداء نے اپنا کل ہمارے آج کے لئے قربان کر دیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا پاکستانی اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، کشمیریوں کی تکالیف انسانی ضمیر کیلئے لمحہ فکریہ ہیں، کشمیر میں ریاستی دہشتگردی عروج پر ہے، ہم نے ہمیشہ امن و سلامتی اور مذاکرات پر زور دیا، کشمیر ہندو توا کے پیرو کار حکومت کے ظلم کا نشانہ بن رہا ہے، شہدا کی قربانیاں اور آپ کے حوصلے مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں، ہم کوئی شہادت نہیں بھولے، زندہ قومیں اپنے شہدا پر ناز کرتی ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا پاکستان نے ہمیشہ امن و سلامتی کی بات کی ہے، کشمیری بہن بھائیوں کی مصیبتوں کا ادراک ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے، نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، مادر وطن کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، پاکستان نے اپنی ذمہ داریاں بھرپورانداز میں ادا کی ہیں، خطے میں پاکستان کا کردار مثبت رہا ہے۔

آرمی چیف نے کہا افغان مصالحتی عمل میں بھی پاکستان کا بھرپور کردار ہے، امید ہے جلد افغانستان میں امن و استحکام آئے گا، بھارتی اقدامات سے خطے میں جنگ اور بد امنی کے بادل چھائے ہوئے ہیں، یقین دلاتا ہوں پاکستان کبھی کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا، جب تک وطن کے جانثار موجود ہیں کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، شہدا کے اہل خانہ کے جذبات دیکھ کر میرے اعتماد میں اضافہ ہوا، فرض کی ادائیگی کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے، کشمیری بہن بھائیوں کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔

قبل ازیں یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں جی ایچ کیو راولپنڈی میں مرکزی تقریب ہوئی جس میں شہدا کو سلام پیش کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی۔

جی ایچ کیو راولپنڈی میں مرکزی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔ تقریب میں 65 کی جنگ کے حوالے سے دکھائی گئی دستاویزی فلم میں دشمن کو دی گئی عبرت ناک شکست کی کہانی بیان کی گئی۔ ڈاکیومنٹری میں شہدا کے اہلخانہ کے تاثرات بھی پیش کئے گئے جس نے تقریب کے شرکا کی آنکھیں نم کر دیں۔

مرکزی تقریب میں کشمیر میں ہونیوالے مظالم کو بھی اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس پی آر، فوجی افسران اور شہدا کے لواحقین سمیت معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اس سے پہلے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں ماتمی بگل بھی بجائے گئے اور شہدا کو جنرل سلیوٹ پیش کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے