راولپنڈی: (البلال نیوز) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے عالمی عدالت انصاف کی جانب سے انڈین جاسوس کلبھوشن یادیو کو رہا نہ کرنے کے فیصلے کو پاکستان جیت قرار دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی عدالت سے کلبھوشن کی سزا غیر قانونی قرار دینے کی بھارتی استدعا کی مسترد ہوئی، عالمی عدالت نے پاکستان کے موقف کو درست تسلیم کیا۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ کلبھوشن یادیو بھارت کا حاضر سروس نیوی افسر ہے جس پر پاکستان کا موقف آج درست ثابت ہوا۔ ہمارے پاس ٹھوس شواہد تھے، ہمیں امید تھی کہ عالمی عدالت سے اچھا فیصلہ آئے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان، اس کی عوام اور عدلیہ کو سرخرو کیا۔ پاکستان کے پاس ثبوت تھے جو قانونی ٹیم نے عالمی عدالت میں پیش کیے جبکہ وزارت خارجہ نے بھی معاملے پر بہت اچھا کام کیا۔ بھارت کا موقف تھا کہ کلبھوشن کو رہا کیا جائے لیکن عالمی عدالت نے بھارتی اپیل کو مسترد کر دیا۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہم نے کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی نہ ہونے کے باوجود انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک جاسوس کو اس کے خاندان سے ملاقات کروائی۔ اس کیس میں قانون کے مطابق عمل کریں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ بھارت کیلئے ایک اور 27 فروری ہے۔ آج پوری دنیا کے سامنے بھارت کا جھوٹ بے نقاب ہوگیا۔ بھارت نے پہلے بھی ایف 16 طیارہ مار گرانے کاجھوٹا دعویٰ کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے