ہمارے نوجوان آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لئے جانیں قربان کر رہے ہیں، محمد رمضان

مقبوضہ کشمیر : جموں کشمیر مسلم کانفرنس کا ایک وفد سوپور میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان عامر رسول شہیدؒ کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لئے ان کے گھر گیا۔ وفد کی قیادت پارٹی کے چیف آرگنائزر محمد رمضان کررہے تھے اور وفد میں فیاض احمد اور غلام احمد شامل تھے۔ محمد رمضان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو حل کئے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان ہماری آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لئے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر کی وجہ سے آئے روز معصوم جانوں کا اتلاف ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر اپنی منزل مقصود کی طرف رواں دواں ہے اور شہادتوں سے اسکی رفتار میں کمی نہیں بلکہ مزید شدت آئے گی ان شاءاللہ۔ حریت رہنما نے کہا کہ قابض حکمران آزادی پسند رہنماؤں اور کارکنوں کو جیلوں میں ڈال کر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ ستر سال سے قربانیوں کی ایک عظیم تاریخ رقم کررہی ہے اور انہیں یقین محکم ہے کہ شہداء اور نظر بندوں کی قربانیاں مستقبل قریب میں اپنا رنگ لائیں گی اور آزادی کا سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ طلوع ہوکر رہے گا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے