شہید اہلکاروں کے بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان
جامعہ دارالعلوم کراچی کے شعبہ حرا فاؤنڈیشن اسکول کے ناظم اعلی ڈاکٹر محمد عمران اشرف عثمانی صاحب کی طرف سے حضرت شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہ العالیہ کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر پولیس اہلکار فاروق اور ذاتی محافظ صنوبرخان کے بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے فرزند ڈاکٹر عمران اشرف عثمانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شہید ہونے والے سرکاری اور ذاتی محافظین نے جان نثاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کے لیے ہمارے دل بہت رنجیدہ ہیں اور ان کے اہل خانہ اور بچوں کی فکر ہے ۔ جہاں ایک طرف والد صاحب کے بعافیت محفوظ رہنے کی خوشی ہے وہیں شہید ہونے والے محافظین کا دکھ بھی بہت زیادہ ہے اور والد صاحب بھی اس پر بہت زیادہ غمزدہ ہیں۔ والد صاحب کی مشاورت سے اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہید ہونے والے دونوں محافظین کے بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات جامعہ دارالعلوم کراچی کے شعبہ حرا فاؤنڈیشن سکول کی طرف سے برداشت کئے جائیں گے اور اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ بچوں کی تعلیم و تربیت میں انہیں والد کی کمی محسوس نہ ہو
