بھارتی فوج نے باغسر سیکٹر میں آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے دو شہریوں کو زخمی کر دیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کنٹرول لائن کی گزشتہ 24 گھنٹے کی صورتحال بارے بتاتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے باغسر سیکٹر میں آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے شہریوں عظمت بی بی اور بابا جان کو زخمی کر دیا۔

بلا اشتعال فائرنگ کے باوجود بھارت نے پاک فوج پر آبادی کو نشانہ بنانے کا پراپیگنڈہ جاری رکھا ہوا ہے۔ پاک فوج متعدد بار بتا چکی ہے کہ وہ آبادی کو نشانہ نہیں بنا رہی۔

پیر کے روز بھارتی فوج نے نیزہ پیر، پانڈو، خنجر منور، پٹل اور باغسر سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی لیکن پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جس سے دشمن کی گنیں خاموش ہو گئیں۔

گزشتہ دنوں نائیک خرم شہید کا نماز جنازہ ڈی جی خان میں ادا کیا گیا۔ نائیک خرم 2 مارچ کو نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے۔ شہید خرم کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

اس سے قبل اتوار کے روز بھی بھارتی فوج نے مختلف سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ جاری رکھی تاہم کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا۔ وطن کے جانثاروں کی مئوثر کارروائی کے سبب کئی بھارتی مورچے تباہ ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیزہ پیر، جندروٹ، باغ سر سیکٹر پر وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ بھارتی فائرنگ کے جواب میں پاک فوج نے موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کونشانہ بنایا تاہم پاکستان کاکوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ حوالدارعبدالرب کی ڈی جی خان میں نماز جنازہ ادا کی گئی جس کے بعد شہید کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

حوالدار عبدالرب نکیال سیکٹر پر مادر وطن کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری حالیہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج انتہائی پیشہ وارانہ فورس ہے، بھارتی بربریت کا پہلے سے شکار کشمیری بھائیوں کو نشانہ بنانے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔

پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں واضح کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر میں معصوم شہریوں پر بھارتی گولہ باری کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، پاک فوج ہر قیمت پر شہریوں کا تحفظ کرے گی اور جوابی کارروائی میں صرف مخصوص اہداف کو نشانہ بنائے گی۔ پاک فضائیہ اور بحریہ بھی ملکی سرحدوں کی موثر نگرانی کر رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے