سرینگر// حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت کے قبضہ نے ہی جموں کشمیر کے جنت نما خطے کوسفاکیت اور ظلم وجبر سے جہنم زار بنادیا ہے، یہاں کی دلفریب فضاؤں کو گولی بارود کی گن گرج سے زہر آلودبنا دیاہے اور ہنستی کھیلتی بستیوں کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے۔گیلانی ریاستی گورنر کی اس تقریر کا حوالے دے رہے تھے جس میں موصوف نے کہا تھا کہ ریاست کو پھر ایک بار جنت بنایا جائے گا۔گیلانی نے کہا کہ جب تک ریاست جموں کشمیر پر غیرملکی فوجی قبضہ جاری ہے اس خطے کو کسی بھی صورت میں ’’جنت‘‘ میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا ، کیونکہ یہ ایک آفاقی اصول اور تاریخی حقیقت ہے کہ جب بھی کوئی ظالم اور غاصب کسی مظلوم اور مجبور قوم کی زمین پر زبردستی قبضہ کرتا ہے تو وہ اُس قوم کو فساد اور تباہی کے سوا کچھ نہیں دیتا۔گیلانی نے کہا کہ بھارت کی 10؍لاکھ افواج کی موجودگی نے اس خطہ ارض کو بقول یورپی یونین ایک بڑے اور ’’خوبصورت جیل‘‘ کا خطاب بھی ملا۔ انہوں نے لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ یہاں کے چاپلوسوں اور جی حضوریوں کی ایک کھیپ تیار کررکھی ہے جو ہر وقت اپنے آقاؤں کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دے کر ابن الوقتی اور حاشیہ برداری کا ثبوت فراہم کرتے ہیں۔گیلانی نے کہا کہ ہماری قوم پوری طرح متفق ہے کہ جب تک بھارت کا غاصبانہ قبضے سے ہم آزاد نہیں ہوں گے یہاں نہ تو کسی فرد کو چین اور سکون میسر ہوگا، نہ یہاں کی فضا دلفریب اورصحت افزا ہوں گی اور نہ یہاں کسی بھی تعمیر وترقی کی راہ ہموار ہوسکے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے