کراچی: اورنگی ٹاؤن میں قطر اسپتال کے قریب ایک اسکول وین میں آگ لگنے کے نتیجے میں متعدد بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں قطر اسپتال کے قریب اسکول وین صبح مٹی میں دھنس گئی تھی، جسے بچے دھکا لگا رہے تھے کہ اسی دوران مبینہ طور پر شارٹ سرکٹ کے نتیجے میں وین میں آگ بھڑک اٹھی۔

آگ لگنے کے نتیجے میں اسکول وین کے اندر بیٹھے بچے جھلس گئے۔

زخمی بچوں کو علاقہ مکینوں اور ڈرائیور نے اپنی مدد آپ کے تحت اسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے 5 بچوں کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر بچوں کو قطر اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے آگ پر قابو پایا۔

پولیس کے مطابق اسکول وین میں 14 بچے موجود تھے، جن کی عمریں 7 سے 10 سال کے درمیان بتائی گئیں۔

پولیس کے مطابق اسکول وین میں ایک ایل پی جی سلینڈر بھی موجود تھا، جو بالکل محفوط رہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے